پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صابر عثمانی کی غزلیں — Saabir Usmani Ghazals

صابر عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بہت رنگین دل کش ہے مجازی پیار کی دنیا (غزل)

بہت رنگین دل کش ہے مجازی پیار کی دنیا

ابھرنے ہی نہیں دیتی لب و رخسار کی دنیا

زمانہ سے جدا کر دے حقیقت کو فنا کر دے

فقط خوابوں میں لے جائے حسیں دل دار کی دنیا

یہاں جھوٹوں کا میلہ ہے جو بولے سچ اکیلا ہے

یقیں گر ہے نہیں دیکھو ذرا اخبار کی دنیا

غریبوں کو ستاتی ہے امیروں کو بناتی ہے

لڑا کر صرف انساں کو چلے سرکار کی دنیا

طلب سورج کی مت کرنا نہ دامن آگ سے بھرنا

چراغوں سے منور تم کرو گھر بار کی دنیا

ضرورت ڈھونڈھ لیتی ہے کہ رستہ مل ہی جاتا ہے

کرے آدم اگر کوشش کھلے اسرار کی دنیا

کسی کی چاہ میں حد سے گزر گئے ہوتے (غزل)

کسی کی چاہ میں حد سے گزر گئے ہوتے

تو نام سارے زمانے میں کر گئے ہوتے

ہماری پیاس کی رکھ لی ہے لاج صحرا نے

سمندروں کے سہارے تو مر گئے ہوتے

جو میرے سینہ پے ہنس کے وہ ہاتھ رکھ دیتے

تو زخم دل کے سبھی میرے بھر گئے ہوتے

کسی کی یاد نے ہم کو سنبھال رکھا ہے

وگرنہ ہجر میں کب کے ہی مر گئے ہوتے

تمہاری یادوں کے سارے ہی رنگ پکے ہیں

جو ہوتے کچے تو کب کے اتر گئے ہوتے

ہمیں تو ماں کی دعاؤں کا ہی سہارا ہے

نہیں تو صحرا میں صابرؔ بکھر گئے ہوتے

مزید غزلیں از صابر عثمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں