پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صابر جوہری کی غزلیں — Saabir Jauharii Ghazals

صابر جوہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل جس کا آئنے کی طرح پاک صاف ہے (غزل)

دل جس کا آئنے کی طرح پاک صاف ہے

کیا بات ہے زمانہ اسی کے خلاف ہے

وہ شخص کر رہا ہے محبت کا قتل عام

نفرت کا جس کی فکر پہ ہر دم غلاف ہے

سجدہ نماز شوق کا کرتی ہیں تتلیاں

دامن ہر ایک گل کا بہت پاک صاف ہے

ہم نے خدا بنا دیا جس کو تراش کر

وہ سنگ راہ آج ہمارے خلاف ہے

دنیا سمجھ رہی ہے مجھے صاحب زباں

میرا بھی پر درست کہاں شین قاف ہے

تو ہو رہا ہے لذت دنیا سے شاد کام

صابرؔ بتا یہ کیسا ترا اعتکاف ہے

کس ہنر مندی سے قتل تیرگی کرتے ہیں لوگ (غزل)

کس ہنر مندی سے قتل تیرگی کرتے ہیں لوگ

میرا کاشانہ جلا کر روشنی کرتے ہیں لوگ

جانے کیسا شہر ہے یہ موت کی آغوش میں

رہ کے بھی ہر وقت جشن زندگی کرتے ہیں لوگ

میں فصیل شب پہ روشن کرتا ہوں دل کا چراغ

گرچہ میرے راستے میں تیرگی کرتے ہیں لوگ

یا الٰہی گلستان زندگی کی خیر ہو

جو نہیں کرنا ہے اب اکثر وہی کرتے ہیں لوگ

دوستی کا گر گیا معیار کتنا آج کل

صرف مقصد کے لئے اب دوستی کرتے ہیں لوگ

مجھ کو کیا معلوم لفظوں کے برتنے کا ہنر

مجھ سے بہتر شہر فن میں شاعری کرتے ہیں لوگ

زندگی کے ہاتھ سے مجبور ہو کر آج کل

خودکشی ہر وقت صابر جوہریؔ کرتے ہیں لوگ

مزید غزلیں از صابر جوہری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں