صائن علیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اچھا ہے کیا خیال بھی ان کے خیال کا (غزل)
اچھا ہے کیا خیال بھی ان کے خیال کا
باعث وہی رہیں مرے جی کے وبال کا
جو ہیں اسیر حاکم و شہہ ان کی خیر ہو
میں تو اسیر ہو گیا زلفوں کے جال کا
اچھی نہیں یہ قربتیں مجھ سے مرے حضور
کہتے ہیں مجھ کو دیکھیے شاعر ملال کا
صائنؔ کا حال پوچھیں تو کہنا فقط یہی
صدقہ اتار لیجیے اپنے خیال کا
دیکھ اب تو میرا دشمن بھی کہے کیا بات ہے (غزل)
دیکھ اب تو میرا دشمن بھی کہے کیا بات ہے
اب تو میرے پاس آ کر پوچھ لے کیا بات ہے
بس اسی حسرت کے چلتے میں تو ہوں شاعر بنا
میں سناؤں شعر اس کو وہ کہے کیا بات ہے
اس قدر یہ مہربانی ان دنوں مجھ پہ خدا
مل رہے ہیں بن دعا ہی غم مجھے کیا بات ہے
اے مسیحا تیرے ہاتھوں کی شفا کو کیا ہوا
تیرے ہوتے زخم میرے ہیں ہرے کیا بات ہے
تم تو کہتے تھے کہ میرے قرب میں ہے اک سکوں
آج کیوں ہیں درمیاں یہ فاصلے کیا بات ہے
آج صائنؔ یاد کرتے ہیں مجھے احباب کیوں
سوچتا ہوں پوچھ لوں کس کام سے کیا بات ہے