رستم نامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایسے وہ مرے شہر کی تقدیر سے کھیلے (غزل)
ایسے وہ مرے شہر کی تقدیر سے کھیلے
جیسے کوئی بچہ کسی تصویر سے کھیلے
رہنا ہے اسے اور بھی کچھ روز قفس میں
قیدی سے کہو صبر کی زنجیر سے کھیلے
اترا ہے مرے ذہن سے پیکر ترا لیکن
دل اب بھی ترے لمس کی تاثیر سے کھیلے
ممکن تھا محبت میں ہمیں مات نہ ہوتی
یہ کھیل مگر ہم بڑی تاخیر سے کھیلے
یہ زیست کی بازی نہ ترے ہاتھ رہے گی
تو لاکھ اسے غور سے تدبیر سے کھیلے
زمین کم ہے یہاں آسمان تھوڑا ہے (غزل)
زمین کم ہے یہاں آسمان تھوڑا ہے
توقعات سے تیرا جہان تھوڑا ہے
بس اک ہمارے ہی سر پر ہے اس کا دست ستم
ہر ایک شخص پہ وہ مہربان تھوڑا ہے
کچھ اور لوگ بھی ہیں میرے خیر خواہوں میں
فقط تجھی سے یہ دل بد گمان تھوڑا ہے
لگائے رکھا ہے بس میں نے یوں ہی جی ورنہ
ترا جہاں مرے شایان شان تھوڑا ہے
ہے میرے منصب و جاہ و جلال پر بھی نظر
مری طرف ہی قبیلے کا دھیان تھوڑا ہے
ذرا سا حوصلہ رکھنے کی بات ہے نامیؔ
یہ کوہ غم ہے کوئی آسمان تھوڑا ہے