پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ایس اے مہدی کی غزلیں — S A Mehdi Ghazals

ایس اے مہدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مستقل اب بجھا بجھا سا ہے (غزل)

مستقل اب بجھا بجھا سا ہے

آخر اس دل کو یہ ہوا کیا ہے

تم کو چاہا بڑا قصور کیا

تم ہی بتلا دو اب سزا کیا ہے

مانگ لوں ان کا دل اگر وہ کہیں

قتل کا تیرے خوں بہا کیا ہے

کیوں نفس میں کباب کی بو ہے

میرے سینے میں یہ جلا کیا ہے

مہر ہے ثبت قلب واعظ پر

داغ ماتھے پہ بد نما کیا ہے

حضرت دل ہیں کیوں اداس اداس

نا امیدی نے کچھ کہا کیا ہے

کافی اک لفظ ہے حضور خدا

یہ شب و روز التجا کیا ہے

وہی مانگو کہ ہو دعا مقبول

یعنی اللہ چاہتا کیا ہے

دیکھیے یہ کلام مہدیؔ میں

فکر انساں کی انتہا کیا ہے

میں نے آنکھوں سے اشک پونچھے تھے

رنگ دامن پہ لال سا کیا ہے

ذات مہدیؔ کی پھر غنیمت ہے

گر وہ اچھا نہیں برا کیا ہے

کیسے کروں میں ضبط راز تو ہی مجھے بتا کہ یوں (غزل)

کیسے کروں میں ضبط راز تو ہی مجھے بتا کہ یوں

اے دل زار شرح راز مجھ سے بھی تو چھپا کہ یوں

کیسے چھپاؤں سوز دل تو ہی مجھے بتا کہ یوں

شمع بجھا دی یار نے جیسے تھا مدعا کہ یوں

ایک شکست ظاہری فتح بنے تو کس طرح

آئینہ دار بن گیا قصۂ کربلا کہ یوں

سوچ رہا تھا غم نصیب بگڑی بنے تو کس طرح

رحمت و لطف کردگار بن گئے آسرا کہ یوں

یہ جو کہا کہ پاس عشق حسن کو کچھ تو چاہیئے

دست کرم بدوش غیر یار نے رکھ دیا کہ یوں

پوچھا خطاب یار سے کس طرح کیجیے شام وصل

چپکے سے عندلیب نے پھول سے کچھ کہا کہ یوں

لطف جفائے دوست کا کیسے ادا ہو شکریہ

لذت سوزش جگر دینے لگی دعا کہ یوں

ہم نفس و حبیب خاص بنتے ہیں غیر کس طرح

بولی یہ سرد مہری عمر گریز پا کہ یوں

دونوں ہوں کیسے ایک جا مہدیؔ سرور و سوز دل

برق نگاہ ناز نے گر کے بتا دیا کہ یوں

مزید غزلیں از ایس اے مہدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں