روبی گپتا ستیندرا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
انگلیاں مجھ پہ جو سرکار اٹھا دیتے ہو (غزل)
انگلیاں مجھ پہ جو سرکار اٹھا دیتے ہو
اور بہتر مرا کردار بنا دیتے ہو
جام میں زہر کو چپکے سے ملانے والو
عمر لمبی ہو مری یہ بھی دعا دیتے ہو
آئنہ تم کو دکھانے کی کرے جو کوشش
تم بھی اس پر کوئی الزام لگا دیتے ہو
راستوں پر مرے کانٹوں کو بچھانے والو
تم مرے پاؤں کی رفتار بڑھا دیتے ہو
گھوٹ دیتے ہو گلا پہلے مری چاہت کا
اور پھر مجھ کو حسیں خواب دکھا دیتے ہو
زندگی جینے کے آداب ہوا کرتے ہیں
با ادب ہو کے بھی یہ بات بھلا دیتے ہو
آپ سے اس کو زیادہ ہے شکایت روبیؔ
آپ جس پر یہ دل و جان لٹا دیتے ہو
بھول بیٹھے تھے ہم کچھ پہر کے لیے (غزل)
بھول بیٹھے تھے ہم کچھ پہر کے لیے
گھر سے نکلے تھے ہم کس سفر کے لیے
شہر میں خواب پورے ہوئے ہیں مگر
میں ہوا اجنبی گاؤں گھر کے لیے
مان لیتے ہیں ہم یہ الگ بات ہے
روٹھتا کون ہے عمر بھر کے لیے
آپ مالک ہیں دنیا ہے سب آپ کی
سوچئے کچھ تو مجھ در بدر کے لیے
آپ روبیؔ کی رکھتے ہیں پل پل خبر
دوستو شکریہ اس خبر کے لیے