روبی جھا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ زندگی کا کوئی بھروسہ نہ موت کا انتظام کوئی (غزل)
نہ زندگی کا کوئی بھروسہ نہ موت کا انتظام کوئی
نہ ذائقہ ہجر میں بچا ہے نہ زہر میں ہے قوام کوئی
رہا نہ دل میں کسی کا ڈیرا رہا نہیں جب مقام کوئی
تو کیسے پہلو میں کوئی بیٹھے گزارے بھی وقت شام کوئی
نہ گھٹنے پر ہی سکون ملتا نہ بڑھنے پر ہی قرار آئے
طبیب مجھ کو یوں لگ رہا ہے مرض نہ میرا ہے عام کوئی
دغا جو دے کر نکل گیا تھا اسی کی خاطر وہ ایک لڑکی
ہے منتظر اور دبائے بیٹھی گل حنا میں وہ نام کوئی
وہی تو سین اب چھائے ہوئے ہیں (غزل)
وہی تو سین اب چھائے ہوئے ہیں
جو تیرے ساتھ فلمائے ہوئے ہیں
کسی کی آنکھ کا یہ خارا پانی
سمندر بھیک میں لائے ہوئے ہیں
بدن کو چاند نے جب سے چھوا ہے
ستارے خود پہ اترائے ہوئے ہیں
محبت آج بھی زندہ ہے ان سے
جو دیواروں میں چنوائے ہوئے ہیں
تمہارے لمس کو پانے کی خاطر
ہم اپنی زلف الجھائے ہوئے ہیں
رکھیں ٹیٹو یا اب مٹوا دیں اس کو
تیرے جو نام گدوائے ہوئے ہیں