پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رباب عابدی کی غزلیں — Rubab Abidi Ghazals

رباب عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کبھی سورج کو بادل اور گھٹائیں بوجھ لگتی ہیں (غزل)

کبھی سورج کو بادل اور گھٹائیں بوجھ لگتی ہیں

کبھی بجھتے چراغوں کو ہوائیں بوجھ لگتی ہیں

کبھی یوں تھا کہ آتا تھا بھنور سے خوف لوگوں کو

کبھی ان بادبانوں کی وفائیں بوجھ لگتی ہیں

بہت ناراض ہے مجھ سے مری شہ رگ کا ہمسایہ

جسے چھوٹی بڑی میری خطائیں بوجھ لگتی ہیں

سہارے بھول جاتے ہیں اسیر آرزو ہو کر

جواں اولاد ہو جائے تو مائیں بوجھ لگتی ہیں

کچھ ایسے لوگ ہیں رشتوں پہ جو جاں وار دیتے ہیں

یہ ایسے لوگ ہیں جن کو انائیں بوجھ لگتی ہیں

رنگ و رعنائی چھین لیتا ہے (غزل)

رنگ و رعنائی چھین لیتا ہے

عشق زیبائی چھین لیتا ہے

چشم یعقوب کر چکی ثابت

ہجر بینائی چھین لیتا ہے

گاؤں میں جھوٹ کے نہیں پاؤں

شہر سچائی چھین لیتا ہے

شدت درد میں دلاسہ ترا

دکھ کی گہرائی چھین لیتا ہے

بام و در صحن چار دیواری

بھائی سے بھائی چھین لیتا ہے

سخت گیروں کے نرم ہاتھوں سے

رب مسیحائی چھین لیتا ہے

عجز ہر دل پہ حکمراں ہے ربابؔ

زعم دانائی چھین لیتا ہے

مزید غزلیں از رباب عابدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں