پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

روزینہ ترانیکر دگھے کی غزلیں — Rozina Taranekar Dighe Ghazals

روزینہ ترانیکر دگھے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بات دل کی کوئی ان کہی رہ گئی (غزل)

بات دل کی کوئی ان کہی رہ گئی

ہونٹھ چپ اور نظر یہ جھکی رہ گئی

خط کا ہر حرف ہم نے جلایا مگر

لفظ در لفظ وابستگی رہ گئی

تھا چراغوں سا روشن کبھی گھر مرا

ساتھ چھوٹا تو بس تیرگی رہ گئی

داستاں غم کی شاعر بیاں کر گیا

لفظ کی دیکھ جادوگری رہ گئی

عمر بھر مشغلہ جس کو ہم نے کہا

بند صفحوں میں وہ شاعری رہ گئی

بھیگی ان پلکوں سے یہ بیاں ہو گیا

کوئی خواہش کہیں اک دبی رہ گئی

یوں تو حاصل جہاں میں ہوا سب مگر

یہ کتاب تمنا کھلی رہ گئی

ایک میں ایک تم اور زمانہ یہ اک

روز دیوار کوئی کھڑی رہ گئی

خواب کی تعبیر کا قصہ نرالا بن گیا (غزل)

خواب کی تعبیر کا قصہ نرالا بن گیا

خود فریبی زندگی کا اب سلیقہ بن گیا

دفعتاً اک مسکراہٹ تیرے لب پہ آئی ہے

چاہتوں کا میری اب یہ اک ٹھکانہ بن گیا

چھو گئی نغموں کو تیری یہ محبت ہولے سے

دیکھ انداز بیاں یہ شاعرانہ بن گیا

بادلوں سا عکس تیرا دل پہ ٹھہرا دیر تک

بھیگ کر یادوں کی بارش میں شرارہ بن گیا

جام ارمانوں کے چھلکے آنکھوں کے پیمانے سے

بہتے اشکوں سے مرا گہرا یہ ناطہ بن گیا

قید ہے بیتے وہ لمحے یادوں کے انداز میں

روز ان سے تذکرہ غم کا سہارا بن گیا

مزید غزلیں از روزینہ ترانیکر دگھے ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں