ریاض قاصد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سب کچھ تو اسے یاد ہے کیا یاد نہیں ہے (غزل)
سب کچھ تو اسے یاد ہے کیا یاد نہیں ہے
بس ایک وہی عہد وفا یاد نہیں ہے
اک تو ہے کہ اب یاد بھی کرتا نہیں مجھ کو
اک میں ہوں کہ کچھ تیرے سوا یاد نہیں ہے
دن رات بہاروں کی دعا مانگنے والو
کیا پچھلی بہاروں کا مزا یاد نہیں ہے
کیوں دار و رسن دیکھ کے دل بجھ گیا قاصدؔ
کیا مقصد ارباب وفا یاد نہیں ہے
راضی اگر نہیں ہے وہ مجھ سے خفا تو ہے (غزل)
راضی اگر نہیں ہے وہ مجھ سے خفا تو ہے
گویا کسی بہانے سہی رابطہ تو ہے
اتنا بھی سر پہ چڑھنے سے طوفان باز آ
تسلیم ناخدا نہیں لیکن خدا تو ہے
ان کی نظر کے پھرنے کا کچھ غم نہیں مجھے
قائم حسین یادوں کا اک سلسلہ تو ہے
وابستگی کا تجھ سے صلہ کچھ تو چاہئے
خوش ہوں کہ سوز غم میں یہ دل مبتلا تو ہے
مزید غزلیں از ریاض قاصد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں