ریاض ساغر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل جو گھبرایا تو اٹھ کر دوستوں میں آ گیا (غزل)
دل جو گھبرایا تو اٹھ کر دوستوں میں آ گیا
میں کہ آئینہ تھا لیکن پتھروں میں آ گیا
آج اس کے بال بھی گرد سفر سے اٹ گئے
آج وہ گھر سے نکل کر راستوں میں آ گیا
پڑھ رہا ہوں اس کتاب جسم کی اک اک ورق
نور سب آنکھوں کا کھنچ کر انگلیوں میں آ گیا
لوگ کہتے ہیں کہ اپنا شہر ہے لیکن مجھے
یوں گماں ہوتا ہے جیسے دشمنوں میں آ گیا
ہم بھرے بازار میں اس وقت سولی پر چڑھے
شہر سارا ٹوٹ کر جب کھڑکیوں میں آ گیا
شب زدوں نے روشنی مانگی تو سورج دفعتاً
آسمانوں سے اتر کر بستیوں میں آ گیا
جب سمیٹا میں نے اپنے ریزہ ریزہ جسم کو
اور بھی کچھ زور ساغرؔ آندھیوں میں آ گیا
دل و دماغ میں اک دھاندلی مچی ہوئی ہے (غزل)
دل و دماغ میں اک دھاندلی مچی ہوئی ہے
کہیں سے تیز ہوا عشق کی چلی ہوئی ہے
یہ میرا کمرہ تری یاد سے سجا ہوا ہے
اور اس کی میز پہ چوڑی تری پڑی ہوئی ہے
گلی کے موڑ سے آگے جو پانچواں گھر ہے
اداسی اس کے در و بام پر لکھی ہوئی ہے
وہ وارڈ روب مہکتا تھا جب تو آتا تھا
اب اس کے کپڑوں میں خوشبو تری بسی ہوئی ہے
صلہ تو دے کوئی راتوں کے جاگنے کا مجھے
یہ میری آنکھ ترے خواب سے بھری ہوئی ہے
ابھر رہی ہے تری چاپ اب بھی زینے سے
تجھے گئے ہوئے دن تو نہیں صدی ہوئی ہے