ریاض قادر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قید ہستی میں گرفتار کیا (غزل)
قید ہستی میں گرفتار کیا
ہوش کو مائل پیکار کیا
قلب کو دے کے نگاہ معصوم
جبر کے دام میں بیدار کیا
کرب آلام میں کروٹ کروٹ
عقل کو زندہ و عیار کیا
ظلمت درد کی پہنائی میں
دل کو حسرت گہہ انوار کیا
خوں سے تحریر ہے قرطاس بقا
قہر کو داور پندار کیا
عرش کی سمت اٹھا دیں نظریں
ارض کو عرصۂ ادبار کیا
کس نے دوڑائی یہ تخریب کی رو
دست عاجز کو گنہ گار کیا
جس طرف موڑی عنان ہستی
خون سے دید کو سرشار کیا
رنگ تقدیر کہ تھا رنگ ہوس
آنکھ کو کس نے گہر بار کیا
مزید غزلیں از ریاض قادر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں