ریاض فاطمہ تشہیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دنیا بری جگہ ہے بہت دیکھ بھال کے (غزل)
دنیا بری جگہ ہے بہت دیکھ بھال کے
رکھنا قدم زمین پہ اپنا سنبھال کے
مانا کہ میرے دل پہ حکومت کسی کی ہے
دے سکتی دل نہیں میں کسی کو نکال کے
آہیں فراق اشکوں کی برسات بیکلی
سوغات یہ ملی ہے تری چاہ پال کے
کانٹوں کے دل میں میرے ترانے کھٹکتے ہیں
اک دن رہیں گے مجھ کو چمن سے نکال کے
ہم شاعری میں آج بھی یکتائے دہر ہیں
اشعار ہیں گواہ مرے اس خیال کے
ہر لمحہ ایک تازہ گھٹن میں گزر گیا
رکھے تھے چار روز سکوں سے سنبھال کے
تشہیرؔ چین روئے زمیں پر کسے ملا
سو رہیے بس لحد میں کفن منہ پہ ڈال کے
تنہا جو راہ طے ہو تو اس میں زیاں نہیں (غزل)
تنہا جو راہ طے ہو تو اس میں زیاں نہیں
آمادۂ سفر ہوں کوئی کارواں نہیں
بے خانماں ہوئے تو ہمیں غم نہیں ذرا
ہے آسماں تو سر پہ اگر سائباں نہیں
آنکھوں نے کر دیا ہے مرا راز عشق فاش
اچھا ہوا کہ لفظ کوئی درمیاں نہیں
دعوے ہزار پیش کرو تم صفائی میں
آئینہ دیکھو چہرے سے اٹھتا دھواں نہیں
کیوں ہو حواس باختہ سانسیں سنبھال لو
باتیں کریں گے چین سے میں بد گماں نہیں
اے چرخ پیر پیس کے مجھ کو نہ شاد ہو
تیرے سوا جہاں میں کوئی آسماں نہیں
پہناؤں کیوں فسانے کو لفظوں کا پیرہن
احوال میرا تجھ پہ ہوا کیا عیاں نہیں
تشہیرؔ جز خدا کوئی پرسان حال ہے
ہمدرد یہ زمین نہیں آسماں نہیں