ریاض انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جھوٹا یہ پیار اوپری چاہت نہیں قبول (غزل)
جھوٹا یہ پیار اوپری چاہت نہیں قبول
اس باب میں کوئی بھی وضاحت نہیں قبول
سادہ ہوں میں ہے دل کو مرے سادگی عزیز
دونوں کو خود نمائی کی عادت نہیں قبول
اپنا ضمیر بیچ کے شہرت اگر ملے
بیٹھے گی جھاگ بن کے وہ شہرت نہیں قبول
جو چاہے نام اپنا لکھے آب زر کے ساتھ
مجھ کو یہ آب زر کی عبارت نہیں قبول
بے شک غزل چھپے نہ چھپے بن لیے دیئے
مجھ کو سخن میں ایسی تجارت نہیں قبول
بہتر یہی ہے فرش زمیں پر رہے نشست
پیسوں سے جو ملے وہ صدارت نہیں قبول
خسروؔ کسی کا آگے نکلنا نہیں پسند
پرچھائیں کی بھی مجھ کو قیادت نہیں قبول
جب بھی آپ مجھے یاد آئے (غزل)
جب بھی آپ مجھے یاد آئے
پھول نگاہوں میں لہرائے
آپ ملے تو آنکھ بھر آئی
آپ گئے تو غم گھر آئے
دیوانوں کی بات ہی کیا ہے
ایک ہنسائے ایک رلائے
دل کو پھر بھی چین نہ آیا
ہم نے یوں ہی غم اپنائے
ایسا وقت بھی آیا اکثر
اپنی باتوں سے شرمائے
موسم سرما کی یہ ویران اور مغموم شام (نظم)
موسم سرما کی یہ ویران اور مغموم شام
کہر کی چادر میں لپٹی ہے سسکتی کائنات
گیت خوابوں کی طرح لرزاں سلگتی ہے حیات
برف میں ڈوبی ہوا کی سیٹیاں
چیل کے جنگل کی میٹھی لوریاں
ڈگمگاتے ہیں پریشاں مضمحل لمحوں کے گام
چار سو آواز دے کر پوچھتا پھرتا ہوں میں
ان ہواؤں کی جبین ناز پر
کیا کہیں لکھا ہوا ہے میرا نام
اڑ رہے ہیں راستوں پر زرد پتے جو کبھی
چند لمحوں کو بنے تھے زینت شاخ شجر
جانے یہ کب تک رہیں گے یوں ہوا کے دوش پر
کو بہ کو قریہ بہ قریہ یم بہ یم محو سفر
دکھ کے لمبے سلسلے اور چند لمحوں کی خوشی
ہائے اپنی زندگی