پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ریاض احمد قادری کی غزلیں — Riyaz Ahmad Qadri Ghazals

ریاض احمد قادری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کرتے ہیں مزدوری بچے جاتے نہیں اسکول (نظم)

کرتے ہیں مزدوری بچے جاتے نہیں اسکول

اس میں ان کی بھول نہیں ہے یہ ہے بڑوں کی بھول

ان کی حالت دیکھ کے دل سے نکلتی ہے اب ہائے

ننھے ہاتھوں سے گاہک کو جب وہ پلائیں چائے

مزدوری میں ان کا بچپن یوں ہی بیتا جائے

تازہ ہوا کی جگہ پہ وہ کھاتے ہیں گرد اور دھول

ورکشاپ میں جاتے ہیں وہ کرنے کے لیے کام

کام میں ان کی صبحیں گزریں کام میں گزرے شام

ظالم دنیا دار ہیں ان کو دیتے تھوڑے دام

آج کی اس دنیا میں کب ہے کوئی یہ خوب اصول

عمر ہے ان کی کھیلنے والی کھیلیں کہاں وہ جا کر

پانی پی کر جی لیتے ہیں اپنی بھوک مٹا کر

ہفتے بعد بھی سو دو سو کو خوش ہوتے ہیں پا کر

اپنی زیست گنوا دیتے ہیں مزدوری میں فضول

بچوں کی مزدوری لعنت جرم یہ ایک بڑا ہے

اک ناسور ہے جو اپنی عزت کی رہ میں کھڑا ہے

کون ہے جو اس ظلم کو روکے جو ہر جا پہ پڑا ہے

بچوں کو مدرسے میں بھیجو مت دو بحث کو طول

مزید غزلیں از ریاض احمد قادری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں