ریاض عادل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اگرچہ درمیاں یہ فاصلے اچھے نہیں لگتے (غزل)
اگرچہ درمیاں یہ فاصلے اچھے نہیں لگتے
مگر حد سے زیادہ رابطے اچھے نہیں لگتے
سمٹ جائے اگر یہ ہجر کا موسم تو کیا کہنے
وہ لمحے وصل جاناں کے کسے اچھے نہیں لگتے
وہ جن کے پاؤں میں زنجیر دولت ڈال دیتی ہے
انہیں پھر گاؤں کچے راستے اچھے نہیں لگتے
ترے ہوتے ہوئے جس شہر سے بے حد محبت تھی
ہمیں اب تذکرے اس شہر کے اچھے نہیں لگتے
تمہارا ساتھ ہو ساحل ہو پورا چاند ہو عادلؔ
تو کس کافر کو پھر یہ رت جگے اچھے نہیں لگتے
کہانی کو بکھرنے سے بچایا جا رہا ہے (غزل)
کہانی کو بکھرنے سے بچایا جا رہا ہے
مرا کردار قبل از وقت لایا جا رہا ہے
ابھی ہم جاگتے ہیں اور اتنا جانتے ہیں
یہ منظر وہ نہیں ہے جو دکھایا جا رہا ہے
ہمارا بھی کوئی کردار ہے کٹھ پتلیوں سا
سو انگلی کے اشاروں پر نچایا جا رہا ہے
مری مٹی کو آنا ہی نہیں منظور اس پر
تو پھر کیوں چاک کو خالی گھمایا جا رہا ہے
یوںہی اس خاکداں میں تو نہیں پھینکا گیا ہوں
مجھے لگتا ہے مجھ کو آزمایا جا رہا ہے