پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ریاست علی تاج کی غزلیں — Riyasat Ali Taj Ghazals

ریاست علی تاج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرحلے ایسے بھی اکثر آئے (غزل)

مرحلے ایسے بھی اکثر آئے

پھول برسائے تو پتھر آئے

اک فقط آپ کے ہو جانے سے

کتنے الزام میرے سر آئے

جام ٹھکرا دیے جب بھی میں نے

سامنے میرے سمندر آئے

ایک چہرے پہ بشارت نہ ملی

ان گنت چہروں کو پڑھ کر آئے

بھول جاتے ہیں پرندے ماں کو

جب بھی اڑنے کو ذرا پر آئے

آپ کا شہر کہ تھا شہر ادب

بے ادب اس میں بھی کچھ در آئے

عشق میں تاجؔ کشش ہو ایسی

خود ہی محبوب تڑپ کر آئے

چاندنی چھٹکی ہوئی ہو تو غزل ہوتی ہے (غزل)

چاندنی چھٹکی ہوئی ہو تو غزل ہوتی ہے

جل پری پاس کھڑی ہو تو غزل ہوتی ہے

دل نشیں کوئی نظارہ کوئی دل کش منظر

بات دلچسپ کوئی ہو تو غزل ہوتی ہے

یا کسی درد میں ڈوبی ہوئی آواز نحیف

یا کوئی چیخ سنی ہو تو غزل ہوتی ہے

شاعری نام ہے احساس کے لو پانے کا

آگ سی دل میں دبی ہو تو غزل ہوتی ہے

کوئی کھلتا ہوا چہرا کوئی غنچہ کوئی پھول

آنکھ سیراب ہوئی ہو تو غزل ہوتی ہے

درمیاں آپ کے میرے کوئی حائل ہو جائے

کوئی دیوار کھڑی ہو تو غزل ہوتی ہے

کوئی جدت کوئی ندرت کوئی پاکیزہ خیال

ہاں کوئی بات نئی ہو تو غزل ہوتی ہے

پہلے شاعر کو ملے ذہن رسا قلب گداز

پھر وہ لفظوں کا دھنی ہو تو غزل ہوتی ہے

عام حالات میں ہوتی نہیں اے تاجؔ غزل

کچھ نہ کچھ درد سری ہو تو غزل ہوتی ہے

مزید غزلیں از ریاست علی تاج ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں