ریاض غازی پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تسلی دے کے بہلایا گیا ہوں (غزل)
تسلی دے کے بہلایا گیا ہوں
سکوں کی راہ پر لایا گیا ہوں
عدم سے جانب گلزار ہستی
میں خود آیا نہیں لایا گیا ہوں
کڑی منزل عدم کی ہے اسی سے
یہاں دم بھر کو ٹھہرایا گیا ہوں
حقیقت کا ہوا ہے بول بالا
میں جب سولی پہ لٹکایا گیا ہوں
حقیقت سے میں افسانہ بنا کر
ہر اک محفل میں دہرایا گیا ہوں
خدا معلوم ان کی انجمن سے
میں خود اٹھا کہ اٹھوایا گیا ہوں
ریاضؔ اپنا تھا شیوہ گل پرستی
مگر کانٹوں میں الجھایا گیا ہوں
میرے دل کے یہ داغ سارے ہیں (غزل)
میرے دل کے یہ داغ سارے ہیں
آسماں پر جو چاند تارے ہیں
کیا نرالے ہیں کھیل الفت کے
جیتنے والے کھیل ہارے ہیں
وہی سمجھیں گے کچھ مصیبت کو
جس نے رو رو کے دن گزارے ہیں
جن کو غیروں کے ساتھ دیکھا ہے
کیسے کہہ دیں کہ وہ ہمارے ہیں
ہر طرح جو وطن کے کام آئیں
وہ وطن میں ہی بے سہارے ہیں
کل جہاں شاخ آشیانہ تھی
آج کچھ راکھ کچھ شرارے ہیں
آسماں جگمگاتا تھا جن سے
میری آہوں کے وہ شرارے ہیں
ہو کا عالم ہے چار سمت ریاضؔ
گردش وقت کے نظارے ہیں