رہتو سنگھ راجپوت ریت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہو اگر الجھن یا کوئی غم تو مجھ سے بات کر (غزل)
ہو اگر الجھن یا کوئی غم تو مجھ سے بات کر
یوں نہ کر آنکھوں کو اپنی نم تو مجھ سے بات کر
کون سی شے آسماں میں ہے نہاں مجھ کو بتا
کیوں بھلا دیکھے ادھر ہر دم تو مجھ سے بات کر
گفتگو سے ہی یہاں پر حل کوئی ہو پائے گا
خامشی کر دے گی یہ بے دم تو مجھ سے بات کر
کیا دیا ہے آپ نے جز مجھ کو اک تصویر کے
ہاں اسی سے کہتی ہوں ہمدم تو مجھ سے بات کر
چار دن کی زیست میں بس چار پل خوشیوں کے ہیں
کس لئے پھر رات دن ماتم تو مجھ سے بات کر
ریتؔ کیا تنہا سفر سچ میں تجھے کھلنے لگا
کیا نہیں کہتا کوئی جانم تو مجھ سے بات کر
کسی کا زخم دے کر مسکرانا یاد آتا ہے (غزل)
کسی کا زخم دے کر مسکرانا یاد آتا ہے
کسی کا اس پہ پھر مرہم لگانا یاد آتا ہے
زمیں پہ بکھرے پھولوں کو کبھی جب میں اٹھاتی ہوں
کسی کا توڑ کر دل چھوڑ جانا یاد آتا ہے
الجھ کر کام میں جب بھول جاتی ہوں میں خود کو تب
وہ ماں کا دودھ اور روٹی کھلانا یاد آتا ہے
مجھے یاد آتی ہے اکثر کڑی وہ دھوپ بچپن کی
وہ ننھے ہاتھوں سے کچرا اٹھانا یاد آتا ہے
بھری بارش میں چھپر سے ٹپکتا خوب جب پانی
وہ آنچل میں ہمیں ماں کا چھپانا یاد آتا ہے
سڑک پر جب بھی دیکھوں میں کوئی سوتا ہوا بچہ
مجھے اپنا اناتھالے میں جانا یاد آتا ہے
میری تنہائیاں جب جب پریشاں مجھ کو کرتی ہیں
مجھے تب تب میرا وہ دل لگانا یاد آتا ہے