رتو کوشک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل کی باتیں میں سمجھ پائی نہیں (غزل)
دل کی باتیں میں سمجھ پائی نہیں
اور تم نے بھی تو سمجھائی نہیں
ہم کو تھی امید آخر تک مگر
لوٹ کر رشتوں میں سانس آئی نہیں
یوں بھی تھی مشکل پہیلی عشق کی
اور کچھ ہم نے بھی سلجھائی نہیں
بھول کے تم کو نہ لی ایک سانس بھی
اور تم کہتے ہو یاد آئی نہیں
ہے بڑا گہرا سمندر عشق کا
سب کی کشتی پار لگ پائی نہیں
قضا ہے زندگی لگنے لگا تھا (غزل)
قضا ہے زندگی لگنے لگا تھا
مجھے جب الوداع اس نے کہا تھا
بہت رویا وہ دیواروں سے لگ کر
مکاں میں اور اس کے کیا بچا تھا
میں اپنے پاس ہی بیٹھی تھی دن بھر
کسی کا ساتھ دوبھر ہو رہا تھا
یہ قسمت ہے کہ مرجھائی نہیں میں
زمیں کو جب مری بدلا گیا تھا
جو تم تھے ساتھ تو ہر سو تھی خوشبو
ہواؤں میں نہ جانے کیا گھلا تھا
تھی اتنی بیکلی منزل کی مجھ کو
کہ میرے ساتھ رستہ چل پڑا تھا
مزید غزلیں از رتو کوشک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں