رتیش سنگھ راہل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہیں منزل مجھے معلوم پر چلتا رہا ہوں میں (غزل)
نہیں منزل مجھے معلوم پر چلتا رہا ہوں میں
سفر کے نام پر خود کو فقط چھلتا رہا ہوں میں
اندھیرا جو دیا تھا وقت نے اس کو مٹانے کو
لگا کر آگ اپنے آپ کو جلتا رہا ہوں میں
وفا جب بن گئی ناسور پھر کیوں عشق مانگے ہے
یہی کہہ کر نئے محبوب سے ٹلتا رہا ہوں میں
کوئی مرہم نہیں موجود جس سے درد یہ کم ہو
تبھی تو درد کو ہی درد پر ملتا رہا ہوں میں
ملی ہے سر پرستی عالموں کی یاں مجھے جب سے
ہمیشہ علم پا کر پھولتا پھلتا رہا ہوں میں
پہلے خودداری دکھا کر پھنس گئے (غزل)
پہلے خودداری دکھا کر پھنس گئے
پھر وفا داری نبھا کر پھنس گئے
تم کو تو معلوم تھا الفت کا سچ
تم بھلا کیوں دل لگا کر پھنس گئے
جو زیادہ قربتوں سے تھے دکھی
وہ سبھی سے دور جا کر پھنس گئے
جھوٹ بولا خوب بولا اور پھر
خود سے ہی نظریں ملا کر پھنس گئے
ہم اندھیرا کر کے ہی روشن ہوئے
اور ہمیں مشعل جلا کر پھنس گئے
کوئی مے خانہ نہیں اس شہر میں
ہم یہاں پر گھر بنا کر پھنس گئے