رفعت سلطان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بہاروں کو چمن یاد آ گیا ہے (غزل)
بہاروں کو چمن یاد آ گیا ہے
مجھے وہ گل بدن یاد آ گیا ہے
لچکتی شاخ نے جب سر اٹھایا
کسی کا بانکپن یاد آ گیا ہے
مری خاموشیوں پر ہنسنے والو
مجھے وہ کم سخن یاد آ گیا ہے
تمہیں مل کر تو اے یزداں پرستو
غرور اہرمن یاد آ گیا ہے
تری صورت کو جب دیکھا ہے میں نے
عروج فکر و فن یاد آ گیا ہے
کسی کا خوبصورت شعر سن کر
ترا لطف سخن یاد آ گیا ہے
ملے وہ اجنبی بن کر تو رفعتؔ
زمانے کا چلن یاد آ گیا ہے
جو روایات بھول جاتے ہیں (غزل)
جو روایات بھول جاتے ہیں
اپنی ہر بات بھول جاتے ہیں
اہل دل اہل درد اہل کرم
دے کے خیرات بھول جاتے ہیں
آپ آئیں تو فرط شوق سے ہم
دن ہے یا رات بھول جاتے ہیں
اپنی مٹی کے گھر بنا کر بھی
لوگ برسات بھول جاتے ہیں
گلستاں میں خزاں بھی آئے گی
پھول اور پات بھول جاتے ہیں
یاد رکھتے ہیں آپ سب باتیں
لیکن اک بات بھول جاتے ہیں
جب بھی وہ خوش نظر ملے رفعتؔ
غم کے لمحات بھول جاتے ہیں