رفعت زمانی بیگم عصمت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایسے بیمار کی دوا کیا ہے (غزل)
ایسے بیمار کی دوا کیا ہے
جو بتاتا نہیں ہوا کیا ہے
کون سنتا ہے اس زمانہ میں
کس سے کہئے کہ التجا کیا ہے
لب بیمار تھرتھراتے ہیں
جھک کے سنئے ذرا دعا کیا ہے
مجھ کو جو دیکھتا ہے روتا ہے
کوئی کیا جانے ماجرا کیا ہے
حضرت خضر بھی بتا نہ سکے
زندگانی کا مدعا کیا ہے
درد پر دوسروں کے ہنس دینا
یہ بھی اچھا ہے تو برا کیا ہے
فخر خاتون ہند ہے عصمتؔ
ہم سے پوچھے کوئی وفا کیا ہے
جدھر تجھ کو جاتے صنم دیکھتے ہیں (غزل)
جدھر تجھ کو جاتے صنم دیکھتے ہیں
ادھر پہروں حسرت سے ہم دیکھتے ہیں
نئی قبر کس کی بنی ہے کہ جس پر
تمہارے سے نقش قدم دیکھتے ہیں
لبوں کو دبائے ہنسی کو چرائے
یوں ہی مرنے والوں کو ہم دیکھتے ہیں
خدا جانے کیوں ہاتھ سینے پہ رکھا
وہ دل دیکھتے ہیں کہ دم دیکھتے ہیں
مقدر انہیں کا مقدر ہے عصمتؔ
جو ایفائے قول و قسم دیکھتے ہیں
مزید غزلیں از رفعت زمانی بیگم عصمت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں