پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفعت سیٹھی کی غزلیں — Rifat Sethi Ghazals

رفعت سیٹھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہوتے ہیں ختم اب یہ لمحات زندگی کے (غزل)

ہوتے ہیں ختم اب یہ لمحات زندگی کے

مہمان ہیں جہاں میں ہم اور دو گھڑی کے

اے بے نیاز میرا سجدہ قبول کر لے

میں جانتا نہیں ہوں آداب بندگی کے

سانسوں کے تار تم نے غفلت سے توڑ ڈالے

نغمے سنو گے اب کیوں کر ساز زندگی کے

اب خیریت نہیں ہے تنظیم دو جہاں کی

تیور بتا رہے ہیں اس بت کی خود سری کے

رعنائیوں پہ اپنی نازاں نہ ہوں بہاریں

انجام غم نہاں ہے آغاز میں خوشی کے

ہنسنا تھا چار دن کا رونا ہے عمر بھر کا

دستور میں نرالے دنیائے عاشقی کے

عمر عزیز کا جب انجام کھل چکا ہے

رونے سے فائدہ کیا بدلے میں اب ہنسی کے

ہم نے رہ وفا میں لٹ کر قدم قدم پر

چھینے ہیں رہزنوں سے اطوار رہزنی کے

جب تک نہ آزمائیں مشکل ہے یہ بتانا

دنیا میں کون رفعتؔ قابل ہے دوستی کے

لوگ اٹھے ہیں تری بزم سے کیا کیا ہو کر (غزل)

لوگ اٹھے ہیں تری بزم سے کیا کیا ہو کر

اور اک ہم ہیں کہ نکلے بھی تو رسوا ہو کر

تیر مژگاں کا ہے یہ گھاؤ بھرے تو کیسے

اب تو ناسور بنا زخم یہ گہرا ہو کر

شوق دیدار طلب حد ادب سے جو بڑھا

حسن نے تاب نظر چھین لی جلوہ ہو کر

مجھ سے پوچھے تو کوئی کون ہو تم کیا ہو تم

میں نے پہچان کیا تم کو تمہارا ہو کر

خار کی طرح کھٹکتا ہوں نگاہ دل میں

گل پہ قربان ہوں میں بلبل شیدا ہو کر

رائیگاں خود کو نہ کر بزم وفا میں اے دل

یوں نہ آنکھوں سے ٹپک خون تمنا ہو کر

کہہ رہے ہیں یہ حجابات تجلی مجھ سے

جلوۂ حسن ہے خود حسن کا پردہ ہو کر

فطرتاً عشق گراں گوش ازل ہی سے ہے

طالب لطف دوگونہ ہے وہ بہرا ہو کر

تم فرشتے ہی سہی میں ہوں بہرحال بشر

گفتگو مجھ سے کرو جب بھی تو مجھ سا ہو کر

مدعی ہو جو وفا کے تو ستم سہتے رہو

لب پہ آئے نہ کوئی حرف بھی شکوہ ہو کر

نت نئے رنگ بھرے اس میں تصور کے مرے

دل میں تصویر رہی حسن سراپا ہو کر

کبھی بن بن کے مٹو مثل حباب اے رفعتؔ

رنگزاروں میں رہو نقش کف پا ہو کر

مزید غزلیں از رفعت سیٹھی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں