پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفعت القاسمی کی غزلیں — Rifat Al Qasmi Ghazals

رفعت القاسمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیوں اندھیروں کا مسافر ہے مقدر اپنا (غزل)

کیوں اندھیروں کا مسافر ہے مقدر اپنا

کوئی سورج تو نکالے یہ سمندر اپنا

ظلمت شب میں جلائے ہوئے اشکوں کے چراغ

عشق کی راہ میں خود عشق ہے رہبر اپنا

کیا لگائے گا کوئی میری انا کی قیمت

دونوں عالم سے گراں تر ہے یہ جوہر اپنا

کوئی چہرہ تو کہیں ہو ترے چہرے کی طرح

شہر خوباں میں نہیں ایک بھی منظر اپنا

دل میں روشن ہے ترا درد زمانے سے نہاں

کیا صدف نے بھی دکھایا کبھی گوہر اپنا

اس کے لب خند میں ڈھل جائے خزاں کا موسم

اس کو گلنار کریں زخم دکھا کر اپنا

انجمن گوش بر آواز ہے رفعتؔ دیکھیں

کس کے سینے میں اترتا ہے یہ نشتر اپنا

حسن ازل نے پہلے ہمیں جلوہ گر کیا (غزل)

حسن ازل نے پہلے ہمیں جلوہ گر کیا

دنیائے ہست و بود سے پھر بے خبر کیا

اس بے نیاز عشق نے آشفتہ سر کیا

دیر و حرم سجائے پریشاں نظر کیا

آسودگان خاک کو پھر در بدر کیا

ذوق نمود صبح میں برگ و شجر کیا

تا عمر اپنی ذات کے اندر بسر کیا

اس کائنات شوق کو ہم نے بھی سر کیا

دم بھر رکے تھے سایۂ مژگان‌ یار میں

اس خانماں خراب نے بھی دل میں گھر کیا

ہم کو شعور صبر و رضا سے نواز کر

غم آشنائے لذت درد جگر کیا

اہل جنوں نے دشت نوردی کی راہ میں

آوارگان عشق کو بھی ہم سفر کیا

تجھ کو ہی ہم سے وصل کی مہلت نہیں ملی

ہم نے تو انتظار ترا عمر بھر کیا

پرتو ہے تیری ذات کا ہر لمحۂ وجود

ہم نے یہ فیصلہ تری آیات پر کیا

لو بارگاہ درد میں رکھ کر متاع دل

رفعتؔ نے اس جہان سے آگے سفر کیا

مزید غزلیں از رفعت القاسمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں