پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفعت ناہید کی غزلیں — Rifat Naheed Ghazals

رفعت ناہید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اے مکاں یاد ہے کچھ تیرے مکیں کیسے ہیں (غزل)

اے مکاں یاد ہے کچھ تیرے مکیں کیسے ہیں

تجھ میں بستے تھے کبھی اور کہیں کیسے ہیں

بام پر چلتی ہوا چاند ستارے بادل

ڈھونڈتے پھرتے ہیں وہ سارے حسیں کیسے ہیں

ان دریچوں میں جو چلمن سے لگے رہتے تھے

جلوہ آرا ہیں کہاں پردہ نشیں کیسے ہیں

جن کی زلفوں میں سر شام مہک رہتی تھی

دل ربا سرو قد و خندہ جبیں کیسے ہیں

پھول گرنے کا سماعت کو گماں ہوتا تھا

خوش گلو اور خوش اندام نگیں کیسے ہیں

رات کے پچھلے کناروں پہ درختوں کے تلے

شعر کہتے تھے سناتے تھے وہیں کیسے ہیں

اب تو اخبار میں چھپتے ہیں مراسم ان کے

ہم سے ملتے تھے کبھی قبل ازیں کیسے ہیں

تمہارا جانا تمہارے جانے پہ گزری آہٹ سے بات کرنا (غزل)

تمہارا جانا تمہارے جانے پہ گزری آہٹ سے بات کرنا

ہمیں تو عادت سی ہو گئی ہے کہ سرسراہٹ سے بات کرنا

کبھی بھی ہم پر کھلا نہیں ہے کہ اصل میں اس نے کیا کہا ہے

گئی ہواؤں کی طرح کانوں میں سنسناہٹ سے بات کرنا

اگر ہو پت جھڑ تو میرے یہ زرد ہاتھ ہاتھوں میں تھام لینا

جو ساونوں کی جھڑی لگی ہو تو گنگناہٹ سے بات کرنا

وہ دن کسی کی جنون خیزی سے ہار کر بات مان لینا

کسی کے رنگیں مطالبے سن کے تمتماہٹ سے بات کرنا

سنا ہے مدت تلک اسے یہ جبیں ستارہ سی یاد آئی

بہت دنوں اس کو یاد آیا تھا جھلملاہٹ سے بات کرنا

لبوں کی سرخی بتا سکی نہ تو کیا ہوا بات ہو گئی ہے

کلائیوں کے تمام گجروں کا مسکراہٹ سے بات کرنا

مرے ہم رقص (نظم)

مرے ہم رقص

میں جب ایڑیاں اپنی اٹھا کر

تمہارے مضبوط کندھوں سے پرے

پس منظر میں رقصاں زیست کو

وفا کا گیت گاتے دیکھتی ہوں

تو مری مسرور آنکھیں

وفور عشق سے بے تاب ہو کر کانپتی ہیں

مرے چہرے کو

پلکوں کا نغمہ سرخ کرتا ہے

بدن کا خون رخساروں پہ شعلے پھینکتا ہے

محبت مانگ میں میری

روپہلی اور سنہری

افشاں چھڑکتی ہے

میں اپنی گرم سانسوں سے

مہکتے اور اجلے خوش نما کالر تلے

تمہاری گندمی

چمکیلی دمکتی جلد چھوتی ہوں

مرے محبوب لمحے مچلتے جگنوؤں جیسے

مرے ملبوس کے لہرے سے مل کر

دائروں میں جھلملاتے ہیں

تم اپنے بازوؤں کی

گرفت بے پناہ کو ذرا کم کرو

کہ میں

تمہاری دھڑکنوں کی تال پر پاؤں اٹھاؤں

مجھے ڈر ہے مرا دل راستہ نہ بھول جائے

مطربہ

ساز بجا

مزید غزلیں از رفعت ناہید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں