رفعت الحسینی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
زمیں پہ جن کو حجاب و حیا ضروری ہے (غزل)
زمیں پہ جن کو حجاب و حیا ضروری ہے
غضب ہے ان کی حجاب و حیا سے دوری ہے
انہیں کو ملتا ہے در سے حضور عالی کے
لبوں پہ جن کے میاں آج جی حضوری ہے
شجر شجر پہ چمن میں خزاں کے ڈیرے ہیں
نہ برگ و گل نہ کہیں نغمۂ طیوری ہے
شکم جو نان و نمک کے لئے ترستے ہیں
نہ ان کی شب ہے سہانی نہ صبح نوری ہے
دعائیں مانگنے والو فتوح و نصرت کی
دعا کے ساتھ عمل بھی بہت ضروری ہے
مرے رفیق سفر تو چلا گیا جب سے
ترے بغیر مری زندگی ادھوری ہے
انوکھی وضع ہے معصومیت بھی ہے رفعتؔ
بتائیں کیا کہ مزاج ان کا لا شعوری ہے
پہلی برسات کی گھٹا چھائی (غزل)
پہلی برسات کی گھٹا چھائی
آج کھڑکی سے کچھ ہوا آئی
اپنی کٹیا میں روز ماتم ہے
ان کے کوٹھے پہ روز شہنائی
لو کے موسم پہ فتح پائے گی
اک نہ اک دن ضرور پروائی
اس کی پازیب کی صدا سن کر
گنگناتی ہوئی صبا آئی
اک طرف خاک و خون کا عالم
اک طرف عیش میں ہے دارائی
شب میں جب اس کو خواب میں دیکھا
بڑھ گئی صبح میری بینائی