ریشما زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حسرتیں ایسی بھی اس دل نے سجا رکھی ہیں (غزل)
حسرتیں ایسی بھی اس دل نے سجا رکھی ہیں
بندشیں جن پہ زمانے نے لگا رکھی ہیں
بات غیروں کی اگر ہوتی تو ہم سہ لیتے
برچھیاں طنز کی اپنوں نے چلا رکھی ہیں
ایک دیوانے نے اس موسم صحرائی میں
برف کے ٹکڑوں سے قندیلیں بنا رکھی ہیں
اس کے ظلموں کا بھلا کیسے میں اعلان کروں
جس نے دنیا کو کرامات دکھا رکھی ہیں
پھر بھی عریانی نہیں جاتی ہے اس کے تن کی
جبکہ پوشاکوں پہ پوشاکیں چڑھا رکھی ہیں
ایک لمحے کو بھی حاصل نہیں ہوتا ہے سکوں
یوں تو آسائشیں دنیا کی کما رکھی ہیں
آگ دینا ہی فقط ان کا ہے منشا ریشمؔ
شمعیں بس اس لیے یاروں نے جلا رکھی ہیں
غبار و سنگ سے دیوار و در سے رشتہ ہے (غزل)
غبار و سنگ سے دیوار و در سے رشتہ ہے
نہ جانے کیسا تری رہ گزر سے رشتہ ہے
فلک سے رشتہ ہے شمس و قمر سے رشتہ ہے
ہمارے شوق کا علم و ہنر سے رشتہ ہے
کوئی جو آئے تو آئے بھی کیوں مری جانب
کسی کا کون سا سوکھے شجر سے رشتہ ہے
میں اس سے ملنا بھی چاہوں اگر ملوں کیسے
مرا تو شام سے اس کا سحر سے رشتہ ہے
میں سوکھنے نہیں دیتی کبھی دو آبے کو
کسی کے غم کا مری چشم تر سے رشتہ ہے
میں کیا کروں وہی میری نظر کو ہے منظور
ہر اک نگاہ کا جس کی نظر سے رشتہ ہے
دعائیں مانگتی رہتی ہوں رات دن ریشمؔ
میں جانتی ہوں دعا کا اثر سے رشتہ ہے
ایک مدت ہوئی (نظم)
ایک مدت ہوئی
دل یہ محروم ہے
اک اداسی لیے
روح پیاسی لیے
خود شناسی لیے
اتنی حیرت زدہ
ہر خوشی سے پرے
کھردرے خواب ہیں
اور تعبیر سے
ہر گھڑی ہم ڈرے
پھر بھی دل بے خودی
کو سمیٹے ہوئے
رقص کرنے لگا
ایک درد نہاں
بیکلی سر سے پا
سانس چل تو رہی
ہے یقیناً مگر
تھوڑی آہستگی
اس پہ طاری ہے اور
آج بے رنگ ہے
سارا رنگ فضا
اک تلاطم اٹھا
حبس ہے ذہن پر
اور دل پر عجب
بس یہی کاوشیں
روز و شب ہے مری
کاش مل جائیں پھر
گمشدہ دھڑکنیں