پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ریاست علی اسرار کی غزلیں — Riasath Ali Asrar Ghazals

ریاست علی اسرار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بزم انجم میں نمایاں نہ ہوئے (غزل)

بزم انجم میں نمایاں نہ ہوئے

خاک پوش آج جو عریاں نہ ہوئے

دیر میں صاحب ایماں ہوئے ہم

آپ کعبے میں مسلماں نہ ہوئے

خودکشی تھی وہ کوئی قتل نہیں

دیکھو ہم خون بہ داماں نہ ہوئے

کیا ہوا ہوگا ان اشکوں کا کہ جو

انتخاب سر مژگاں نہ ہوئے

کچھ سبب ہے کہ غزل ہوتی نہیں

آپ کے گیسو پریشاں نہ ہوئے

ہم بھی اسرارؔ جنوں جانتے ہیں

بس کبھی چاک گریباں نہ ہوئے

کس کو قریب جانتا ہے کون دور ہے (غزل)

کس کو قریب جانتا ہے کون دور ہے

کیا عقل کی خطا ہے کہ دل کا قصور ہے

ہم نے کہا نہ تم نے سنا ایک واقعہ

پڑھ لکھ سکے بھی کیا کہ جو بین السطور ہے

لمحات وصل بھی ہیں شب ہجر کی طرح

جتنا ہوا قریب وہ اتنا ہی دور ہے

ہم کو ہے شوق دید ہم اہل نظر ہوئے

یہ تیرگی ہمارے لئے ظل نور ہے

تصویر جلوہ ساز مصور ہے اس طرح

میری نگاہ منتظر کوہ طور ہے

ہیں محفل رموز میں اسرارؔ جلوہ گر

حیراں نہ ہو کہ عقل جنوں کے حضور ہے

مزید غزلیں از ریاست علی اسرار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں