پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ریشمہ ناہید ریشم کی غزلیں — Reshma Naheed Resham Ghazals

ریشمہ ناہید ریشم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دریا تھا ساتھ پھر بھی عجب بے بسی رہی (غزل)

دریا تھا ساتھ پھر بھی عجب بے بسی رہی

سیراب ہم ہوئے تو مگر تشنگی رہی

اہل سفر کو جستجو منزل پہ لے گئی

گرد سفر ہماری یہ آوارگی رہی

جھکتے ہیں ہم غرض کے لیے رب کے سامنے

بے لوث اب کسی کی کہاں بندگی رہی

دیوار کیا کھڑی ہوئی آنگن کے درمیاں

چھت سے اترتی دھوپ بھی سہمی ہوئی رہی

آنکھوں میں آ کے میری جو اک خواب بس گیا

پھر اس کے بعد زندگی بے خواب سی رہی

ریشمؔ الجھ کے رشتوں کے اس پیچ و خم میں خود

اپنی ہی ذات کا میں سرا ڈھونڈھتی رہی

کس کی آمد سے بہاراں ہوا مسکن مسکن (غزل)

کس کی آمد سے بہاراں ہوا مسکن مسکن

آج گل کھلتے رہے چار سو گلشن گلشن

وہ جو اٹھی تھی مری سمت اچٹتی سی نگاہ

کر گئی راکھ سکوں کا مرے خرمن خرمن

سانس حدت سے کئے رکھتی ہے مجھ کو سرشار

کون پیکر میں مرے بس گیا دھڑکن دھڑکن

دیکھیے اس بت کافر کے ستانے کی ادا

خواب میں دکھتا ہے تو بھی پس چلمن چلمن

لوٹ کر لے گیا مجھ سے وہ مرا اپنا وجود

اب تو اپنا سا لگے راہ کا رہزن رہزن

وقت رخصت بھی نہیں آنے دی آنکھوں میں نمی

صبح دم تر تھا مگر پھولوں کا دامن دامن

کیسے کہہ دوں میں نہیں منتظر اس کی ریشمؔ

تن کی دیوار میں دو آنکھیں ہیں روزن روزن

مزید غزلیں از ریشمہ ناہید ریشم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں