رینا زیدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ دھواں دھواں چہرہ (نظم)
یہ دھواں دھواں چہرہ
یہ تھکی تھکی آنکھیں
مجھ کو چاہنے والی
گہری کتھئی آنکھیں
آج کیوں فسردہ ہیں
تابکے یہ خاموشی
کھوئی کھوئی نظروں سے
مجھ کو دیکھے جاتے ہو
کچھ تو مجھ کو بتلاؤ
آج واپسی پر تم
کس سے مل کے آئے ہو
کسی نے دکھ دیا تم کو
یوں بجھے بجھے کیوں ہو
میں سجی بنی کب سے
راہ دیکھے جاتی تھی
تم ہی نے کہا تھا کل
رنگ چمپئی میرا
ہلکا ہلکا گلناری
خوب رنگ لاتا ہے
اس گلابی چنری میں
دیکھ کر بھی دھوکا ہو
جیسے کچھ نہ دیکھا ہو
جی میں ہو تو میرا ہاتھ
اپنے ہاتھ میں لے کر
ایک بار دیکھو تو
میرے سرخ کنگن کو
تم نے کتنی چاہت سے
اپنے ہاتھوں پہنا کر
اس حسین لمحے کو
رازداں بنایا تھا
جاوداں بنایا تھا
بارہا اسے چھو کر
تم نے اپنے چہرے کی
سب تھکن مٹا دی ہے
اور آج اگر یوں بھی
چین تم نہیں پاتے
وہ جو سامنے اونچا
ایک پیڑ تکتے ہو
اس کی چھاؤں میں جا کر
اتنا روئیں ہم دونوں
درد کی خلش ساری
آنسوؤں سے دھل جائے
روح کے اندھیروں میں
روشنی کی بارش ہو
زندگی نکھر آئے