ریحان احمد تانترے کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
واقف نہیں ہے تو مرے حال تباہ سے (غزل)
واقف نہیں ہے تو مرے حال تباہ سے
خائف ہے آسمان بھی اب میری آہ سے
ڈوبا ہوا ہے شہر اندھیروں میں اور پھر
امید روشنی بھی تو مجھ رو سیاہ سے
اب ظلمتوں نے ان کو بھی برباد کر دیا
وابستہ تھے جو لوگ یہاں مہر و ماہ سے
ہم پر کھلا ہوا تھا وہ جود و سخا کا در
ہم ہی گریز پا رہے اس بارگاہ سے
تا چند دوسروں کے کہے پر کریں یقین
اب دیکھنا ہے خود کو بھی اپنی نگاہ سے
جب تلک نام ترا ورد زباں رہتا ہے (غزل)
جب تلک نام ترا ورد زباں رہتا ہے
دل کی بستی میں عجب ایک سماں رہتا ہے
ایک مدت ہوئی وہ شخص جدا ہے مجھ سے
اب خدا جانے وہ کیسا ہے کہاں رہتا ہے
یوں نہیں ہے کہ ہمیں تیرے ستم یاد نہیں
زخم بھر جائے اگر پھر بھی نشاں رہتا ہے
ہیں بجا سب تری باتیں بھی مگر اے ناصح
عشق ہو جائے تو پھر ہوش کہاں رہتا ہے
کوئی رت ہو کوئی موسم ہو کوئی عالم ہو
عشق کا شعلہ مرے دل میں تپاں رہتا ہے
مزید غزلیں از ریحان احمد تانترے ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں