رزاق ارشد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دنیا داری سے ناواقف کیسا پاگل لڑکا تھا (غزل)
دنیا داری سے ناواقف کیسا پاگل لڑکا تھا
جب رونے کا موقع ہوتا تب بھی ہنستا رہتا تھا
ہم سے کیسی بھول ہوئی تھی ہم نے کیا کیا سوچا تھا
بالکل موم سا پگھلا وہ تو جو کندن سا لگتا تھا
شک کے سائے پھیل رہے ہیں بستی والے حیراں ہیں
اس نے دریا پار کیا ہے تو کیا مٹکا پکا تھا
ذہن میں دھندلا دھندلا سا اک نقش ابھرتا جاتا ہے
ہم تم کو پہچان رہے ہیں ہم نے تم کو دیکھا تھا
پہلے کچھ سوچا ہی نہیں تھا لیکن اب اس سوچ میں ہیں
مل کر بھی کیا پایا تم سے ملتے نہیں تو اچھا تھا
وہ جو اک امید تھی تم سے خیر اسے اب چھوڑو تم
تم پر کیا الزام دھریں ہم یوں بھی یہ تو ہونا تھا
ہمارے عذابوں کا کیا پوچھتے ہیں (غزل)
ہمارے عذابوں کا کیا پوچھتے ہیں
کبھی آپ کمرے میں تنہا رہے ہیں
یہ تنہائی بھی ایک ہی ساحرہ ہے
میاں اس کی قدرت میں سو وسوسے ہیں
ہوئے ختم سگریٹ اب کیا کریں ہم
ہے پچھلا پہر رات کے دو بجے ہیں
چلو چند پل موند لیں اپنی پلکیں
یوں جیسے کہ ہم واقعی سو گئے ہیں
ذرا یہ بھی سوچیں کہ راتوں کو اکثر
بھلا کتے گلیوں میں کیوں بھونکتے ہیں
جھگڑتی ہیں بلوں سے سب بلیاں کیا
اذیت میں لذت کے پہلو چھپے ہیں
ہوئیں ختم ارشدؔ تمہاری سزائیں
پرندے رہائی کا در کھولتے ہیں