رزاق افسر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شہر اپنا ہے مگر لوگ کہاں ہیں اپنے (غزل)
شہر اپنا ہے مگر لوگ کہاں ہیں اپنے
کہنے سننے کو زماں اور مکاں ہیں اپنے
یہ دعا فرض سمجھ کر میں کیے جاتا ہوں
خیر سے خوش رہیں احباب جہاں ہیں اپنے
کب الگ تھی مری دنیا سے جو جنت چھوٹی
کوئی اپنا تھا وہاں اور نہ یہاں ہیں اپنے
آئنہ میز کا اپنی کبھی حصہ نہ بنا
شہر میں کہنے کو سب شیشہ گراں ہیں اپنے
آج کے سارے یقیں ان کے لیے ان کے لیے
رنگ جو بدلیں وہ اسباب گماں ہیں اپنے
اپنے چہرے کی خبر جن کو نہیں ہے افسرؔ
ان کی آنکھوں پہ سبھی عیب عیاں ہیں اپنے
یوں کھلے بندوں محبت کا نہ چرچا کرنا (غزل)
یوں کھلے بندوں محبت کا نہ چرچا کرنا
بات دل کی ہے اسے سوچ کے رسوا کرنا
دشمنی مول تو لے سکتے ہیں پل میں سب سے
سخت دشوار ہے اک ربط کا پیدا کرنا
دوستی ظرف و یقیں کی ہے کٹھن راہگزر
سوچ کر اس سے گزرنے کا ارادہ کرنا
کل کوئی شخص سر راہ یہ دیتا تھا صدا
ہو سکے تو غم دوراں کا مداوا کرنا
سب کے بس کا تو نہیں روگ یہ ہرگز ہرگز
درد کے گھور اندھیروں میں اجالا کرنا
خود کی تنہائی اے افسرؔ ہے مقدر لیکن
اپنی احساس کی سمتوں کو نہ تنہا کرنا