رزاق عادل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس سمندر پہ اک الزام ہی دھر جانا ہے (غزل)
اس سمندر پہ اک الزام ہی دھر جانا ہے
پاس ساحل کے مجھے پیاس سے مر جانا ہے
کیوں دکھاتے ہو شکستہ سے پرانے رستے
مجھ کو تو اک نئے سپنوں کے نگر جانا ہے
آخری موڑ پہ پہنچی ہے کہانی لیکن
ڈھل گئی رات چلو لوٹ کے گھر جانا ہے
بیچ میں لفظ تھے ترسیل کی ناکامی تھی
میں نے اس کو مجھے اس نے بھی دگر جانا ہے
اتنی آسان نہیں شاعری عادلؔ صاحب
لفظ و معنی کے سمندر میں اتر جانا ہے
ہوئی جو شام تو سورج کا حال کیسا تھا (غزل)
ہوئی جو شام تو سورج کا حال کیسا تھا
عروج کیسا تھا اس کا زوال کیسا تھا
چھٹا ہے جب تو زمیں پر لہو کے چھینٹے ہیں
فضا میں اڑتا ہوا وہ گلال کیسا تھا
گھرے تھے ایسے کہ پھر جیتے جی نکل نہ سکے
ہمارے گرد تمنا کا جال کیسا تھا
بچھڑ کے اس سے بدن سرد پڑ گیا ہے کیوں
وہ پاس تھا تو لہو میں ابال کیسا تھا
وہ مجھ سے بات تو ہنس ہنس کے کر رہا تھا مگر
خوشی کے رنگ میں رنگ ملال کیسا تھا