رضیہ سبحان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ جی میں ہے کہ محبت کا باب لکھوں گی (غزل)
یہ جی میں ہے کہ محبت کا باب لکھوں گی
جناب من کو میں عالی جناب لکھوں گی
کبھی جو بھولے سے پڑھ لے وہ جان ہی لے گا
میں راز عشق کو یوں بے حساب لکھوں گی
جو حوصلہ ہے تو منہ پھیر کر گزر جائے
میں اس کی چشم کرم کو عتاب لکھوں گی
مرے نصیب کا دار و مدار ہے اس پر
دل خراب کو خانہ خراب لکھوں گی
حساب لوں گی تری کج ادائی کا اکثر
کبھی وفا کو تری بے حساب لکھوں گی
بلند پرچم انسانیت رہے جس میں
میں دور نو کا وہ اعلیٰ نصاب لکھوں گی
ہزار مجھ کو ملامت کا سامنا ہو مگر
عذاب زیست کو کار ثواب لکھوں گی
جو میرے بعد پڑھی جائے ایک مدت تک
میں حسن و عشق کی ایسی کتاب لکھوں گی
مکاں سے دور کہیں لا مکاں میں رہتی ہوں (غزل)
مکاں سے دور کہیں لا مکاں میں رہتی ہوں
زمیں پہ ہوتے ہوئے آسماں میں رہتی ہوں
ہے جس کے ہاتھ میں یہ باگ ڈور عالم کی
بہت سکون سے اس کی اماں میں رہتی ہوں
خبر جو لینے چلے ہو یہ حالت دل ہے
مجھے خبر ہی کہاں کس جہاں میں رہتی ہوں
ورق ورق پہ ہیں پھیلے حروف نا بینا
محبتوں کی ہر اک داستاں میں رہتی ہوں
حصول عشق کی سب کاوشیں ہیں لا حاصل
میں دسترس سے پرے اک جہاں میں رہتی ہوں
ہر اک طلب سے ہوئی بے نیاز و بیگانہ
بسا کے دل میں اسے آستاں میں رہتی ہوں
سفیر بن کے ہواؤں کی دور تک جاؤں
میں مشت خاک ہوں موج رواں میں رہتی ہوں
محبت کورے کاغذ پر کبھی لکھی نہیں جاتی (نظم)
محبت کورے کاغذ پر کبھی لکھی نہیں جاتی
کہ مٹ جانے کا خطرہ ہے
محبت صاف پتھر پر کبھی کندہ نہیں کرتے
کہ پتھر ٹوٹ سکتا ہے
محبت دل کے آئینے میں ہی تحریر ہوتی ہے
اگر دل ٹوٹ بھی جائے
محبت کرچیاں بن کر سدا سینے میں رہتی ہے
ہمیشہ زندہ رہتی ہے