پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رضیہ فصیح احمد کی غزلیں — Raziya Faseeh Ahmad Ghazals

رضیہ فصیح احمد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل تو ہے ایک مگر درد کے خانے ہیں بہت (غزل)

دل تو ہے ایک مگر درد کے خانے ہیں بہت

اس لیے مجھ کو بھی رونے کے بہانے ہیں بہت

اب نئے دوست بنانے کی تو ہمت ہی نہیں

دل سے نزدیک ہیں جو دوست پرانے ہیں بہت

دل سکوں پائے جہاں ایسے بسیرے کتنے

یوں تو کہیے کہ مسافر کو ٹھکانے ہیں بہت

در کبھی خواب کا کھلتا ہے عذابوں کی طرف

یہ نہ کہیے کہ سبھی خواب سہانے ہیں بہت

کون سی بات کریں کس سے بچائیں پہلو

جو کبھی ختم نہ ہوں ایسے فسانے ہیں بہت

رضیہؔ کیا کام ہمیں گنج گراں مایہ سے

ہم سے لوگوں کے لیے شعر خزانے ہیں بہت

اک صحیفہ نیا اترا ہے سنا ہے لوگو (غزل)

اک صحیفہ نیا اترا ہے سنا ہے لوگو

مارنا دوست کا بھی جس میں روا ہے لوگو

ہم نے جو کچھ نہ کیا اس کی سزا بھی پائی

اور وہ جو بھی کرے سب ہی روا ہے لوگو

ظلم کی حد ہے جہاں ختم وہاں پر وہ ہے

ڈھونڈ لو اس کو یہی اس کا پتا ہے لوگو

دل میں اک شعلۂ امید تھا سو سرد ہوا

چاند ماتھے کا مرے کب کا بجھا ہے لوگو

جس کو تم کہتے ہو خوش بخت سدا ہے مظلوم

جینا ہر دور میں عورت کا خطا ہے لوگو

دیکھیے زخم کا کیا حال ہوا ہے رضیہؔ

آج تو درد مرا حد سے سوا ہے لوگو

مزید غزلیں از رضیہ فصیح احمد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں