پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رازق انصاری کی غزلیں — Raziq Ansari Ghazals

رازق انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق کرنا تھا عشق کر بیٹھے (غزل)

عشق کرنا تھا عشق کر بیٹھے

ہم نے آفت بلائی گھر بیٹھے

سب نئی روشنی کے چکر میں

تیرگی کو قبول کر بیٹھے

جو غلط ہے اسی کو اٹھنا ہے

ہم ہیں اپنے مقام پر بیٹھے

چلئے خود سے ہی بات کی جائے

کون فرصت میں رات بھر بیٹھے

اک ذرا ہنس کے بات کیا کر لی

آپ لائن کراس کر بیٹھے

جب نہیں بیچنا تھے اشک تمہیں

کیوں یہاں لے کے چشم تر بیٹھے

خموشیوں میں سوال کیا ہے کوئی نہ سمجھا (غزل)

خموشیوں میں سوال کیا ہے کوئی نہ سمجھا

ہمیں ہے کیا غم ملال کیا ہے کوئی نہ سمجھا

سبھی نے اک ایک رنگ اپنا بنا لیا ہے

مگر یہ رنگوں کا جال کیا ہے کوئی نہ سمجھا

جواب دینے کی اتنی جلدی پڑی تھی سب کو

سوال یہ ہے سوال کیا ہے کوئی نہ سمجھا

پتہ تھا سب کو سیاسی مہرے بچھے ہوئے ہیں

مگر سیاست کی چال کیا ہے کوئی نہ سمجھا

کیا تھا چہرہ شناس ہونے کا سب نے دعویٰ

مگر مرے دل کا حال کیا ہے کوئی نہ سمجھا

مزید غزلیں از رازق انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں