پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رضا ہمدانی کی غزلیں — Raza Hamdani Ghazals

رضا ہمدانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ دور مسرت یہ تیور تمہارے (غزل)

یہ دور مسرت یہ تیور تمہارے

ابھرنے سے پہلے نہ ڈوبیں ستارے

بھنور سے لڑو تند لہروں سے الجھو

کہاں تک چلو گے کنارے کنارے

عجب چیز ہے یہ محبت کی بازی

جو ہارے وہ جیتے جو جیتے وہ ہارے

سیہ ناگنیں بن کے ڈستی ہیں کرنیں

کہاں کوئی یہ روز روشن گزارے

سفینے وہاں ڈوب کر ہی رہے ہیں

جہاں حوصلے ناخداؤں نے ہارے

کئی انقلابات آئے جہاں میں

مگر آج تک دن نہ بدلے ہمارے

رضاؔ سیل نو کی خبر دے رہے ہیں

افق کو یہ چھوتے ہوئے تیز دھارے

ہر عکس خود ایک آئنہ ہے (غزل)

ہر عکس خود ایک آئنہ ہے

ہر سایہ زباں سے بولتا ہے

احساس کی تلخیوں میں ڈھل کر

دل درد کا چاند بن گیا ہے

سنتا ہو کوئی تو ہر کلی کے

کھلنے میں شکست کی صدا ہے

یوں آتی ہے تیری یاد اب تو

جیسے کوئی دور کی صدا ہے

گویا تھے تو کوئی بھی نہیں تھا

اب چپ ہیں تو شہر دیکھتا ہے

عاجز ہے اجل بھی اس کے آگے

جو مثل صبا بکھر گیا ہے

تو سلسلۂ سوال بن کر

کیوں ذہنوں کے بن میں گونجتا ہے

قربت تری کس کو راس آئی

آئینے میں عکس کانپتا ہے

جیتے ہیں روایتاً رضاؔ ہم

اس دور میں زندگی سزا ہے

مزید غزلیں از رضا ہمدانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں