رضا گورکھپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ظلم کب تک سہا کرے کوئی (غزل)
ظلم کب تک سہا کرے کوئی
حق ہمارا ادا کرے کوئی
مجھ کو تنہائیوں سے وحشت ہے
ساتھ میرے رہا کرے کوئی
جن کی فطرت میں ہو دغا بازی
ایسے لوگوں کا کیا کرے کوئی
کیا یہ انصاف ہے عدالت کا
قید ہم ہوں خطا کرے کوئی
ہم نے مانگا ہے حق برابر کا
کیوں ہمیں بے صدا کرے کوئی
آج بھی عدل خائف زر ہے
کیوں نہ کھل کر کہا کرے کوئی
یہ سیاست کا کھیل گندہ ہے
اس میں خود کیوں پڑا کرے کوئی
سوائے دعا کے بھلا اور کیا ہے (غزل)
سوائے دعا کے بھلا اور کیا ہے
مری بے بسی کی دوا اور کیا ہے
خموشی سے سہتا رہا سب کے طعنے
مرے ضبط کی انتہا اور کیا ہے
مرے ہم نوا اتنا غمگین کیوں ہے
بجز دل کے آخر جلا اور کیا ہے
سوائے اذیت قلق اور وحشت
مقدر میں تیرے رضاؔ اور کیا ہے
مزید غزلیں از رضا گورکھپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں