پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رضا عظیم آبادی کی غزلیں — Raza Azimabadi Ghazals

رضا عظیم آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وبال جان ہر اک بال ہے میاں (غزل)

وبال جان ہر اک بال ہے میاں

تعلق دل کا کیا جنجال ہے میاں

طلب میں کون دنیا کی ہو پامال

یہ بیت المال کچھ بھی مال ہے میاں

یہ کالائے جہاں کا منہ ہو کالا

اگر سمجھو تو جی کا کال ہے میاں

سنا ہوگا جو کچھ مجنوں کا احوال

وہی اپنے بھی حسب حال ہے میاں

تڑپ کر رو بہ رو ہم اس کے مر گئے

نہ پوچھو کیا مرا احوال ہے میاں

قدم رکھتے تمہارے دل تڑپ گئے

یہ کوئی چال ہے بھونچال ہے میاں

نہیں جاتا ڈفالی پن کا سودا

عجب سر پر مرے دھمال ہے میاں

کھلا کب مولوی سے عقدۂ دل

بہت یہ مسئلہ اشکال ہے میاں

اگر ہے قول تو معصوم کا ہے

سوا اس کے تو قیل و قال ہے میاں

رضاؔ کیا مل گئے اس جنگ جو سے

تمہارا آج چہرہ لال ہے میاں

عشق کی بیماری ہے جن کو دل ہی دل میں گلتے ہیں (غزل)

عشق کی بیماری ہے جن کو دل ہی دل میں گلتے ہیں

مردے ہیں وہ حقیقت میں ظاہر میں پھرتے چلتے ہیں

جب راہ میں مل گئے کہنے لگے تیرے ہی گھر میں جاتا تھا

جاؤ چلے لڑکا تو نہیں میں مجھ کو اپنے مچلتے ہیں

اوروں کے لگانے بجھانے سے اتنا جلاتے ہو مجھ کو

ڈریے ہماری آہوں سے ہم لوگ بھی جلتے بلتے ہیں

سب کہتے ہیں ان کے منہ میں تو آب حیات بھرا ہے سب

ہم سے جو کرتے ہیں باتیں پھر کیوں زہر اگلتے ہیں

کیسے ہی درد کا شعر پڑھیں وے یوں بھی نہ پوچھے کیا بک گئے

جن کے دل پتھر ہیں سو کب ان باتوں سے پگھلتے ہیں

بس کریے چپ رہیے اب کھلوانا رازوں کا خوب نہیں

ملتے ہیں ہم ہاتھ پڑے کوئی اور کچھ اور ہی ملتے ہیں

میرے اشک سرخ سے تم یوں غافل ہو افسوس افسوس

دیکھو تو یہ لعل کے ٹکڑے کیسے خاک میں رلتے ہیں

شاید آتے جاتے پھر اس خانہ جنگ سے بگڑی ہے

گھر سے بہت کم میر رضاؔ جی اب ان روزوں نکلتے ہیں

مزید غزلیں از رضا عظیم آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں