پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رضا جونپوری کی غزلیں — Raza Jaunpuri Ghazals

رضا جونپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا پوچھتے ہو مجھ کو محبت میں کیا ملا (غزل)

کیا پوچھتے ہو مجھ کو محبت میں کیا ملا

دونوں جہاں کا درد بہ نام خدا ملا

شاید یہی ہے حاصل پایان آرزو

اپنا پتہ نہیں ہے جو ان کا پتا ملا

افسانۂ حیات کی تکمیل ہو گئی

جب ان کے سلسلے سے مرا سلسلہ ملا

جب سے نہیں وہ نغمہ زن ساز زندگی

اک ایک تار دل کا مجھے بے صدا ملا

تم کیا ملے مژہ کے ضیا بار کو بہ کو

پردے میں شب کے صبح کا روئے صفا ملا

ہر آرزو کی ایک وہی جان آرزو

ہر مدعا کا ایک وہی مدعا ملا

وجہ دوام فطرت غم ہی نہیں فقط

دل بھی ازل طراز ابد آشنا ملا

کیسی بہار موجۂ کیف و نشاط کیا

پہلوئے گل نہ دامن باد صبا ملا

جنت چمک چمک اٹھی رنگ و جمال کی

کس گل کی آرزو کا شرف اے رضاؔ ملا

جھک سکے آپ کا یہ سر تو جھکا کر دیکھیں (غزل)

جھک سکے آپ کا یہ سر تو جھکا کر دیکھیں

راہ میں دل ہے کہ پتھر ہے اٹھا کر دیکھیں

یہ بھی اک شرط ہے تکمیل حکایت کے لیے

حال و مستقبل و ماضی کو ملا کر دیکھیں

آبرو حسن کی ہو جائے نہ پامال نظر

دیکھنا ہو تو اٹھیں خود سے چھپا کر دیکھیں

غیرت زہرہ وشاں رشک قمر ہیں کہ نہیں

آؤ ان خاک کے ذروں کو اٹھا کر دیکھیں

اب نہیں ملنے کے دنیا میں وہ خاصان جنوں

لاکھ ہم اہل خرد شمع جلا کر دیکھیں

ان حجابوں کو جو مانوس ازل ہیں اب تک

آؤ فطرت کی نگاہوں میں سما کر دیکھیں

خود ہی کھل جائے گا ارباب گلستاں کا بھرم

چھیڑ کر گل کو تو غنچوں کو ہنسا کر دیکھیں

زندگی درد سراپا ہی نہیں پیار بھی ہے

آؤ اس پیار کو نغموں میں سجا کر دیکھیں

کیا عطا ہوتی ہے کیا اجر و صلہ ملتا ہے

اے رضاؔ دست طلب ہم بھی بڑھا کر دیکھیں

مزید غزلیں از رضا جونپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں