راز چاندپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پچھتانے سے کیا حاصل پچھتانے سے کیا ہوگا (غزل)
پچھتانے سے کیا حاصل پچھتانے سے کیا ہوگا
کچھ تو نے کیا ہوگا کچھ تجھ سے ہوا ہوگا
جینے کا مزہ جب ہے جینے کا ہو کچھ حاصل
یوں لاکھ جئے کوئی تو جینے سے کیا ہوگا
پرسش کی نہیں حاجت پرسش کی ضرورت کیا
معلوم ہے سب تجھ کو جو کچھ بھی ہوا ہوگا
جب تک ہے خودی دل میں ہوگی نہ پذیرائی
بیکار ہیں یہ سجدے ان سجدوں سے کیا ہوگا
جیسی بھی گزرتی ہے اے رازؔ گزرتی ہے
آغاز محبت ہے انجام میں کیا ہوگا
دل ربا بھی وہ دل نواز بھی ہے (غزل)
دل ربا بھی وہ دل نواز بھی ہے
اور پھر سب سے بے نیاز بھی ہے
روح فرسا ہے سوز عشق مگر
مجھ سے پوچھو تو جاں نواز بھی ہے
شکوۂ دور آسماں ہی نہیں
اپنی قسمت پہ مجھ کو ناز بھی ہے
کیا تماشا ہے محفل ہستی
اک حقیقت بھی ہے مجاز بھی ہے
جو خدا سے بھی کہہ نہیں سکتا
میرے دل میں نہاں وہ راز بھی ہے
کون پوچھے کہ حضرت سیماب
آپ واقف ہیں کوئی رازؔ بھی ہے
مزید غزلیں از راز چاندپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں