پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راول حسین کی غزلیں — Rawal Husain Ghazals

راول حسین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ساتھ ہے بھی مگر نہیں دیکھا (غزل)

ساتھ ہے بھی مگر نہیں دیکھا

عمر بھر ہم سفر نہیں دیکھا

سر کسی سنگ رہ کی نذر ہوا

آپ کا سنگ در نہیں دیکھا

میں نے تاریخ میں کوئی بھی شخص

دیر تک تخت پر نہیں دیکھا

چاہے انسان کی ہو صورت میں

سانپ کو معتبر نہیں دیکھا

میری آنکھیں ادھر نہیں اٹھیں

اور اس نے ادھر نہیں دیکھا

جب سے سونی ہوئی ہے چھت اپنی

چاند بھی بام پر نہیں دیکھا

ہائے دنیا کے باغ میں راولؔ

زندگی کا شجر نہیں دیکھا

پاؤں جمتے نہیں ہیں کائی پر (غزل)

پاؤں جمتے نہیں ہیں کائی پر

تف ہے ایسی کسی رسائی پر

ایک بوسیدہ شہر ہاتھ لگا

اک نئے شہر کی کھدائی پر

کیسی نازک مزاج لڑکی تھی

چوڑیاں بوجھ تھیں کلائی پر

گھر نہ تقسیم کر مرے بھائی

تیرا احسان ہوگا بھائی پر

ایسے حالات ہیں کہ میرا باپ

معترض ہے مری پڑھائی پر

میں خدا پر یقین رکھتا ہوں

تیرا ایمان ہے خدائی پر

کارخانے سے چھٹیاں لوں گا

گاؤں میں فصل کی کٹائی پر

مزید غزلیں از راول حسین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں