پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رویندر چسوال رفیق کی غزلیں — Ravindra Chaswal Rafeeq Ghazals

رویندر چسوال رفیق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر گھڑی کا ساتھ ہے اب کون سی تنہائی ہے (غزل)

ہر گھڑی کا ساتھ ہے اب کون سی تنہائی ہے

عکس تیرا ساتھ میرے یاد کی پرچھائی ہے

موسموں کی برف بھی ناکام ہو کر رہ گئی

آگ اس نے تن بدن میں اس قدر دہکائی ہے

بھیڑ کا ہر فیصلہ قانون کیسے بن گیا

بات سچی ہے مگر اس بات میں رسوائی ہے

ہے نصیبوں سے ملا غم کا خزانا دوستو

یہ طبیعت آج لیکن کس لئے گھبرائی ہے

سوکھ کر کانٹا ہوئی ہے پھول جیسی تھی کبھی

موت بہتر لگ رہی ہے زندگی کمہلائی ہے

ٹوٹ کر بہہ جاؤں گا میں بھی کناروں کی طرح

دیکھ لیں گے پھر سمندر جو تری گہرائی ہے

موڑ کوئی بھی نہیں تھا اس کہانی میں رفیقؔ

بات سیدھی صاف تھی کیوں آپ نے الجھائی ہے

صنم تیری گلی میں مے کدہ ہو کیا مزہ ہو (غزل)

صنم تیری گلی میں مے کدہ ہو کیا مزہ ہو

وصال یار ممکن ہو نہ ہو کچھ تو نشہ ہو

میں اپنا چاند آنکھوں میں بسائے منتظر ہوں

مجھے بھی چاند کوئی آج چھپ کر دیکھتا ہو

عبادت کی طرح اس نے مجھے چاہا ہے لیکن

محبت کرنے والا بھی ذرا سا بے وفا ہو

مرے نغمے زمانے بھر میں گائے جا رہے ہیں

تمہیں وہ شعر ہو جو زندگی میں رہ گیا ہو

پلک جھپکے نہ مجھ کو نیند آئے سوچتا ہوں

تری تصویر ہو بس عمر بھر کا رتجگا ہو

اسی کو ڈھونڈھتا ہوں میں یہی اک آس لے کر

مرے بارے میں کوئی مجھ سے بہتر سوچتا ہو

زمانے بھر کے رشتوں کو نظر انداز کر دیں

ہمارے درمیاں الفت کا ایسا سلسلہ ہو

مسلسل قربتیں ہم کو نہ یوں بیزار کر دیں

ذرا سوچو کے ہم تم میں کبھی تو فاصلہ ہو

سبھی نے اختلاف رائے کے خنجر سے مارا

رفیقؔ من بتا تیرا جو کوئی ہم نوا ہو

مزید غزلیں از رویندر چسوال رفیق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں