پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

روی شکل کی غزلیں — Ravi Shukl Ghazals

روی شکل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرے الفاظ سے آتی ہے اس دل دار کی خوشبو (غزل)

میرے الفاظ سے آتی ہے اس دل دار کی خوشبو

سخن ور ہوں چھپا سکتا نہیں میں پیار کی خوشبو

مہکتی ہیں مری تنہائیاں اس شوخ کے دم سے

معطر کر رہی مجھ کو خیال یار کی خوشبو

چمکتی آنکھ سرخی تھرتھراتے لب مہکتی شب

مجھے ان سب سے آتی ہے وصال یار کی خوشبو

اسی امید پر جانم تمہارے شہر آیا ہوں

عطا ہو بے قراری کو ذرا دیدار کی خوشبو

تمہاری ایک خاموشی اشارہ کر گئی مجھ کو

کہ اٹکی ہے کہاں پر لذت اظہار کی خوشبو

مجھے محسوس ہوتی ہے زمانہ کی ستائش میں

مزہ ہے جب نظر آئے مرے کردار کی خوشبو

محبتوں کے مقابل یہ سال درد کا ہے (غزل)

محبتوں کے مقابل یہ سال درد کا ہے

مجھے ہے ہجر کا غم اور ملال درد کا ہے

چلو یہ مان لیا تم کو بھولنا ہے ہمیں

بھلا بھی دیں مگر اب بھی سوال درد کا ہے

نکل کے دل سے تو شاخ نظر پہ جھول کبھی

دیار دل میں مسلسل وبال درد کا ہے

ذرا ذرا سی چمک ہے اداس چہرے پر

دبی دبی سی ہنسی میں ہلال درد کا ہے

دماغ و دل پہ ہے الفاظ کا جنوں طاری

مگر غزل میں تو رکھنا خیال درد کا ہے

مہک رہی ہے تصور سے میری تنہائی

کہیں قریب ہی رکھا رومال درد کا ہے

مزید غزلیں از روی شکل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں