روی کمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دھند میں لپٹے ہوئے منظر بہت اچھے لگے (غزل)
دھند میں لپٹے ہوئے منظر بہت اچھے لگے
ٹمٹماتی روشنی میں گھر بہت اچھے لگے
زندگی کے راستوں پر رینگتے لوگوں کے بیچ
سر اٹھاتے بولتے کچھ سر بہت اچھے لگے
برف زاروں سے اترتے جھومتے دریاؤں میں
پانیوں کو روکتے پتھر بہت اچھے لگے
آج بھی باقی ہیں جن سے اس نگر کی رونقیں
دائروں کے بیچ وہ محور بہت اچھے لگے
زندگی تیری انا کو روند کر آتے ہوئے
بادشاہ وقت کو لشکر بہت اچھے لگے
مان کر بھی تم نے ہم کو عمر بھر مانا نہیں
کیا ہوا ہے آج ہم مر کر بہت اچھے لگے
پربت ٹیلے بند مکانوں جیسے تھے (غزل)
پربت ٹیلے بند مکانوں جیسے تھے
اور جو پتھر تھے انسانوں جیسے تھے
دن میں ساری بستی میلے جیسی تھی
رات کے منظر قبرستانوں جیسے تھے
بڑے بڑے محلوں میں رہنے والے لوگ
اپنے گھر میں خود مہمانوں جیسے تھے
وادی کا سنگار پہاڑی لڑکی سا
جھرنے تو المست جوانوں جیسے تھے
کیسے کیسے درد چھپائے پھرتے تھے
دل بھی کیا مخصوص ٹھکانوں جیسے تھے