پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رویندر جین کی غزلیں — Ravendr Jain Ghazals

رویندر جین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اف یہ سفر طویل یہ چھالوں کا سلسلہ (غزل)

اف یہ سفر طویل یہ چھالوں کا سلسلہ

اس پر مزاج پوچھنے والوں کا سلسلہ

اب سے رہے گا ہم میں ملاقات بھر کا پیار

میں ختم کر چکا ہوں سوالوں کا سلسلہ

حسرت رہی کہ جی لیں ذرا ہو کے بے خیال

ٹھہرے کبھی کہیں تو خیالوں کا سلسلہ

انساں کو ساری عمر پھراتا ہے در بدر

دو روٹیوں کا چار نوالوں کا سلسلہ

ہم ہی نہ اپنی قید سے باہر نکل سکے

ورنہ کہاں نہیں ہے اجالوں کا سلسلہ

ہم کو چمکتی ریت پہ پانی کا ہے گماں

آیا کہاں سے ہم میں غزالوں کا سلسلہ

مٹ جائیں گے وفا کے لئے پیار کے لئے

ہم ٹوٹنے نہ دیں گے مثالوں کا سلسلہ

عمر کا ساتھ نبھایا ہے اس انداز کے ساتھ (غزل)

عمر کا ساتھ نبھایا ہے اس انداز کے ساتھ

جیسے کرتا ہو وفا کوئی دغاباز کے ساتھ

رات آرام سے گزری ہو کہ دشواری سے

ہر سحر اڑ کے چلے ہم نئی پرواز کے ساتھ

ہار کے ٹوٹ کے پہلے ہی قدم پر گر جائیں

ہم اگر جوڑ لیں انجام کو آغاز کے ساتھ

میں نہیں شاہ جہاں پر یہ تمنا ہے ضرور

دفن کر دینا مجھے بھی مری ممتاز کے ساتھ

نغمہ و شعر کے سنگم پہ نہا لے دنیا

میرے اشعار سنے گر تری آواز کے ساتھ

ناز برداریاں اس شوخ کی اللہ اللہ

پھول قدموں پہ بکھرتے ہیں بڑے ناز کے ساتھ

نغمہ دل کش ہو تو ہر طرح اثر کرتا ہے

کبھی آواز کے ہم راہ کبھی ساز کے ساتھ

دھرتی آتش ہے آسماں آتش (نظم)

دھرتی آتش ہے آسماں آتش

ہے نہاں اور کہیں عیاں آتش

ہو چراغاں جلے دیے سے دیا

کر نہ ایسے ہی رائیگاں آتش

دیکھ کر اس کا آتشیں چہرہ

بن گئی میری داستاں آتش

تب تلک ہم جوان رہتے ہیں

جب تلک ہم میں ہے جواں آتش

بے دھواں بے شرارہ بے لو بھی

پھونک دیتی ہے بے زباں آتش

کتنے ہم درد ہیں نشیمن کے

آندھی برسات بجلیاں آتش

ذہن میں دل میں روح میں تن میں

ہے نہ جانے کہاں کہاں آتش

آگ سے آگ کے بجھانے کا

فلسفہ کر رہی بیاں آتش

جسم ہو گھر ہو بن ہو بستی ہو

سب کو کرتی ہے بے نشاں آتش

حسن اور عشق میں کشش ہے تبھی

گر ہے دونوں کے درمیاں آتش

یہ کہیں پر ہے چند لمحوں کی

اور کہیں پر ہے جاوداں آتش

ذکر کیا کیجئے جہنم کا

ہر قدم پر ہے جب یہاں آتش

شدھ ہے شدھ سب کو کرتی ہے

ہے جہاں میں جہاں جہاں آتش

مزید غزلیں از رویندر جین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں