پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رونق شہری کی غزلیں — Raunaq Shahri Ghazals

رونق شہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بلند ہمت سے آسماں میں شگاف ہم سے نہیں ہوا ہے (غزل)

بلند ہمت سے آسماں میں شگاف ہم سے نہیں ہوا ہے

شکست کا بھی ابھی تلک اعتراف ہم سے نہیں ہوا ہے

اے بندگان ہوس ابھی ہم سلامتی جاں کی چاہتے ہیں

فقیر گوشہ نشیں ہیں پر اعتکاف ہم سے نہیں ہوا ہے

لرزتے ہونٹوں سے پھر دعا کی قبولیت کے ہیں منتظر ہم

یہ ایک سچ ہے قصور اپنا معاف ہم سے نہیں ہوا ہے

کہاں نگاہوں میں جل اٹھے ہیں بجھے تعلق کے سارے جگنو

ہمارا غم منفرد ہے یہ انکشاف ہم سے نہیں ہوا ہے

بیان دینے کی اب ضرورت ہوئی ہے محسوس تو بولتے ہیں

گناہ کوئی پس نقاب و غلاف ہم سے نہیں ہوا ہے

غنیم کی شرطیں پوری ساری ہمارے احباب کر رہے ہیں

جو گرد تھی آئنے پہ دل کے وہ صاف ہم سے نہیں ہوا ہے

وراثت ذہن و دل کا پھر مسئلہ کوئی حل طلب ہے رونقؔ

ابھی تلک اک ذہین بچہ خلاف ہم سے نہیں ہوا ہے

بکھر گئے دل برباد کا پتہ نہ چلا (غزل)

بکھر گئے دل برباد کا پتہ نہ چلا

اتھاہ رنج کی میعاد کا پتہ نہ چلا

عمل شبیہ سے تھا کس طرح جداگانہ

ابھی تلک مرے ہم زاد کا پتہ نہ چلا

تمام شہر میں ایندھن کی طرح جل کر بھی

ہے چہرہ کون سا دھنباد کا پتہ نہ چلا

میں اپنے آپ سے روٹھا ہوں ہے خبر کس کو

کہ عمر بھر دل ناشاد کا پتہ نہ چلا

اگا ہے دشت‌ صدا کس کی تخم کاری سے

سکوت بے اثر اس کھاد کا پتا نہ چلا

بیاں کا عجز جھلکتا ہے اس کی آنکھوں سے

مگر طویل سی روداد کا پتہ نہ چلا

مزید غزلیں از رونق شہری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں