پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رونق رضا کی غزلیں — Raunaq Raza Ghazals

رونق رضا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہماری جیت یہی تھی کہ خود سے ہار آئے (غزل)

ہماری جیت یہی تھی کہ خود سے ہار آئے

کسی کے ہم پہ کئی قرض تھے اتار آئے

تمہاری یاد بھی ہے بازگشت کی آواز

جو ایک بار پکارو تو بار بار آئے

ہر ایک موڑ پہ جیسے وہ مڑ کے دیکھتا ہو

نظر کچھ ایسے مناظر پس غار آئے

نہ جانے کون سے لمحوں کی لغزشوں کے سبب

ہماری راہ میں صدیوں کے کوہسار آئے

کمال کر دیا ہم نے کہ آرزو کے بغیر

کسی طرح سے جئے زندگی گزار آئے

دیکھ افق کے پیلے پن میں دور وہ منظر ڈوب گیا (غزل)

دیکھ افق کے پیلے پن میں دور وہ منظر ڈوب گیا

جیسے کسی بیمار کے رخ پر رنگ ابھر کر ڈوب گیا

جھوٹی آس کے پنکھ لگا کر سات سمندر اڑ آیا

تیرے قرب کی خوشبو پا کر میں ساحل پر ڈوب گیا

یاد کی اے سیلی دیوارو اب کے ایسا لگتا ہے

حال کی طغیانی میں جیسے ماضی کا گھر ڈوب گیا

وہ تو اپنے قد سے زیادہ سر افراز بزم ہوا

میں گمنام زمانہ اپنی ذات کے اندر ڈوب گیا

اس کے بدن کے سیمیں پن کا ایک تصور تھا کہ اچانک

لمس نے بڑھ کر ٹھوکر کھائی چاند چمک کر ڈوب گیا

مزید غزلیں از رونق رضا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں